اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے شہر وارانسی میں وزیر اعظم نریندر مودی کے لاپتہ ہونے کے بارے میں پوسٹر چسپاں کئے گئے ہیں جس کے بعد پولیس پوسٹر لگآنے والوں کی تلاش کررہی ہے۔اطلاعات کے مطابق مودی کے انتخابی حلقے کی دیواروں پر " تلاش گمشدہ " کے پوسٹر چسپاں کر دیئے گئے ،مقامی پولیس نے پوسٹر لگانے والوں کی تلاش شروع کرتے ہوئے مقدمہ درج کرلیا ہے۔ ہندوستانی نجی ٹی وی چینل " انڈیا ٹی وی " کے مطابق ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کے پارلیمانی حلقہ وارانسی میں اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہو گئی جب نامعلوم افراد نے ضلعی عدالت کے احاطے میں نریندر مودی کے " تلاش گمشدہ " کے اشتہار بڑی تعداد میں دیواروں پر چسپاں کر کے فرار ہو گئے ،مودی کے لاپتہ ہونے کے بارے میں دیواروں پر لگے ان اشتہارات کو دیکھتے ساتھ ہی پولیس حرکت میں آ گئی اور نریندر مودی کی ’’تلاش گمشدہ ‘‘ کے اشتہار لگانے والوں کی تلاش شروع کر دی ۔ دوسری طرف سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ رام کرشن بھاردواج کا کہنا ہے کہ ہمیں دیواروں پر وزیر اعظم مودی کے ’’لاپتہ‘‘ ہونے کے اشتہار بارے اطلاع ملی ہے جس پرہم نے اشتہار لگانے والوں کی تلاش شروع کر دی ہے جبکہ پوسٹر لگانے والے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا جائے گا ۔بھارتی ٹی وی نے جب اس بارے وارانسی میں نریندرا مودی کے پارلیمانی دفتر میں رابطہ کیا تومودی کے آفس انچارج شیوشرن پاٹھک کا کہنا تھا کہ وہ ان اشتہاروں کے بارے میں فی الحال کوئی رائے دینے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔واضح رہے کہ وارنسی کی دیواروں پر چسپاں کئے جانے والے پوسٹرز میں بھارتی وزیر اعظم کی بڑی تصویر چھپی ہوئی ہے ۔
.......
/169